کاشتکاروں کو ان کی مصنوعات کی تجارت میں مددکرنے کے ذریعہ زرعی آمدنی میں اضافے کی غرض سے وزیر اعظم مودی نے ملک بھر میں 10000 کاشتکاروں کی پروڈیوسر تنظیموں (ایف پی او) کا آغاز کیا۔
مرکز نے ایف پی او کے لئے 6865 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے اور ہر ایک ایف پی او کو 15 لاکھ روپئے کے بقدر کا فنڈ فراہم کیا جائے گا، جو کہ کاشتکاروں کے لئے انتہائی مفید ہے۔ ایف پی او کے اراکین اپنی آمدنی کو تیزی کے ساتھ بڑھانے کی غرض سے تکنالوجی ، ان پٹ، فائنینس اور بازار تک بہتر رسائی کے لئے تنظیم کے اندر اپنی سرگرمیوں کو منظم طریقے سے انجام دیں گے۔ چترکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا، ’’کاشتکار پیداوار کے معاملے میں ہمیشہ سے آگے رہے ہیں، تاہم ایف پی او تنظیموں کی مدد سے وہ اب زرعی مصنوعات کی تجارت بھی کر سکتے ہیں۔ وہ فصلوں کی بوائی کے علاوہ اب ماہر تاجروں کی طرح ان فصلوں کی بہتر قیمت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘